پاکستان: انٹربینک اور اوپن کرنسی مارکیٹوں میں ڈالر کی اونچی اڑان برقرار، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے مہنگا ہوکر 235 روپے پر فروخت ہوا
انٹر بینک میں امریکی ڈالر تاریخ کی بلندترین سطح 233 روپے پر جا پہنچا۔
منگل کو ٹریڈنگ کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 3 روپے 12 پیسے مہنگا ہوگیا اور 233 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا تاہم دن کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 232 روپے93 پیسے پر بند ہوا۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 236 روپے پر بند ہوا۔ مقامی کرنسی مارکیٹ میں گزشتہ 8 روز کے دوران ڈالر کی قدر میں 30 فیصد سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کی سیاسی صورت حال اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے باوجود معاملات میں پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی کرنسی مسلسل دباؤ کا شکار ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب ڈالرز کے آس پاس ہیں ، جو ملک کی صرف چند ماہ کی ضروریات ہی پوری کرسکتے ہیں۔