متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید آل نہیان پیر کو تہران پہنچے گیں۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق یہ دورہ ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی کی سرکاری دعوت پر منعقد ہو رہا ہے جو ایرانی سپریم رہبر اسلامی آیت اللہ علی خامنہ ای کے نمائندے بھی ہیں۔
شیخ طحنون بن زاید آل نہیان تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ ساتھ بعض دیگر اعلیٰ عہدے داروں سے بھی بات چیت کریں گے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اماراتی سفارت کار انور قرقاش نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کو عراق، شام، یمن اور لبنان میں ایران کے رویے پر گہری تشویش ہے۔
یاد رہے متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر طحنون بن زاید آل نہیان نے ہی گزشتہ ماہ ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید بن سلطان آل نہیان کے دورہ انقرہ کی راہ ہموار کی تھی۔ انہوں نے گزشتہ دو سالوں سے ترکی اور ایران کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو بحال کرنے کے لیے پس پردہ کام کیا ہے۔
یاد رہے یہ دورہ ویانا میں 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے، ایران پر امریکی پابندیاں ہٹانے اور تہران کے جوہری پروگرام میں اضافے کو روکنے کے لیے ویانا میں دوبارہ شروع ہونے والے مذاکرات کے ایک ہفتے بعد ہوا ہے۔