گوادر شہر میں تجارتی مراکز اور کاروباری سرگرمیاں بحال کر دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر اعلامیہ کے مطابق دکانیں، بینک اور پیٹرول پمپ کھل گئے جبکہ سربندر میں بھی معمولات زندگی بحال ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ حق دو تحریک کے رہنماوٴں کی گرفتاری کے خلاف گوادر، اورماڑہ اور پسنی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری تھی۔ کارکنان نے مکران کوسٹل ہائی وے، اورماڑہ اور پسنی زیرو پوائنٹ کو عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا تھا۔پولیس نے حق دو تحریک کے دھرنے پر دھاوا بول دیا تھا اور تحریک کے قائد حسین واڈیلہ سمیت کئی رہنماوں اور کارکنان کو گرفتار کیا تھا۔
علاوہ ازیں گوادر میں نافذ دفعہ 144 میں ایک ماہ کی توسیع، ریلی، دھرنا اور اجتماع پر پابندی
محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق گوادر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق ایک ماہ تک گوادر میں ریلی، دھرنا اور 5 یا زائد افراد کے اکٹھا ہونے پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ گوادرمیں اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔