کوئٹہ ۔ مسلم لیگ ن کی مرکزی وائس چیرپرسن و آرگنائزر مریم نواز سےنیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی قیادت میں نیشنل پارٹی کے وفد نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے موقع پر سابق وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید بھی موجود تھے، ملاقات میں پاکستان اور بلوچستان کی سیاسی صورتحال سمیت ملک میں آئیندہ ہونے والے انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکرانتخابی اتحاد پرمشترکہ حکمت عملی کے حوالے سے مشاورتی عمل کے آغاز پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہاہے کہ ہر سطح پر دونوں سیاسی جماعتیں مشترکہ حکمت عملی کو ترجیح دینگے۔
نیشنل پارٹی کے وفد میں نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل جان محمد بلیدی مرکزی سینیئر نائب صدرو سابق سینیٹر میر کبیر محمد شہی، سینیٹر کہدہ اکرم دشتی، مرکزی سکریٹری اطلاعات اسلم بلوچ اور نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر کامریڈ ایوب ملک شامل تھے۔