پنجگور :
آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے سربراہ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری میر نزیر احمد بلوچ نے جلیل احمد سنجرانی اور علاؤالدین کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی ان کے خاندان کے غم اورسوگ میں برابر کے شریک ہیں-
انہوں نے کہا کہ پنجگور ایک مقتل گاہ بن گیا ہے گزشتہ ماہ دس سے زائد افراد قتل کئے گئے جبکہ رواں ہفتے پنجگور میں پانچ افراد قتل کر دیئے گئے ہیں کوئی دن ایسا نہیں کہ پنجگور میں کوئی واردات نہ ہو انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس پنجگور میں امن و امان قائم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں اور ذمہ داران انتہائی غیر زمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ کسی کی بھی جان ومال محفوظ نہیں انہوں نے کہا کہ قدیر خلیل جیسے ننھے بچہ اس معاشرے میں نہ محفوظ ہیں اور نہ ہی جوان نوجوان اور معمر شخص محفوظ ہیں-
انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے انتظامیہ اور پولیس نے پنجگور کو قاتلوں اور جرائم پیشہ افراد کے حوالے کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ پنجگور میں گزشتہ ماہ دس افراد سے زائد کا قتل ہوا مگر ایک کا بھی قاتل نہیں پکڑا گیا –
انہوں نے مزید کہا کہ اس مہینے کے پہلے ہفتے میں پانچ افراد قتل ہوئے ہیں- آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی ان واقعات کی مذمت کرتا ہے اور جلد آئندہ کے لائحہ عمل مرتب کرے گا انہوں نے کہا کہ ہم چیف جسٹس بلوچستان سے اپیل کرتے ہیں کہ پنجگور میں ہونے والے قتل وغارت کا نوٹس لیں-