کراچی:
نیشنل پارٹی کراچی کا اجلاس زیر صدارت مرکزی صدر ڈاکٹر مالک بلوچ پارٹی کے صوبائی دفترمیں منعقد ہوا جس میں پارٹی کے مرکزی جنرل سکریٹری محترم جان بلیدی نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں مرکزی نائب صدر ایوب قریشی،مرکزی لیبر سکریٹری مرزا مقصود ، صوبائی جنرل سکریٹری مجید ساجدی،لالامحمدحسین،زوالفقارمکھی،حسن ناصر،شمس الدین،سنیل کماربزنجو کے علاوہ ساتھیوں نے شرکت کی ۔
ڈاکٹر مالک بلوچ نے عدم اعتماد کے بعد کی سیاسی صورت حال، نئی حکومت کی تشکیل ، پی ڈی ایم کی صورت حال اور بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی شرکت کے حوالے سے شرکا کو بریف کیا ۔ ڈاکٹر مالک نے ملک کی معاشی حالت، بلوچستان میں بارڈر ٹریڈ پر سیکورٹی فورسز اور مقامی آبادی کے درمیان چپقلش اور اسکے نتیجے میں امن و امان کی صورت حال پر پارٹی کا موقف اور اسکی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔
ڈاکٹر مالک بلوچ نے واضح کیا کہ ملک میں عوام دوست معاشی پالیسیوں کو اختیار کیے بغیر مخلوط حکومت عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکتی۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے سربراہی اجلاسوں میں اور وزیراعظم سے پارٹی کے وفد کی ملاقات میں پارٹی موقف اورعوام کی مشکلات کو ختم کرنے کی طرف توجہ دینے پر زور دیا ہے ۔
انہوں نے بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کی امید ظاہر کی ۔
انہوں اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ پنجاب کے 18 اضلاع میں بلدیاتی امیدواروں کی موجودگی کو حوصلہ افزا قرار دیا۔
اجلاس میں شرکا کے سوالات کے جواب دیے اور انکی آرا کو سنا اور کراچی اور سندھ میں پارٹی کی تنظیم پر مفید مشورے دیے۔