کوئٹہ:
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مستونگ میں جمیعت علمااسلام کے مرکزی رہنماحافظ حمداللہ کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ سمیت 11افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکہ حافظ حمد اللہ کی گاڑی کے قریب ہوا جس میں وہ زخمی ہوئے، حافظ حمد اللہ اور دیگر زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے غوث بخش رئیسانی ہسپتا ل منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا،زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک ہے ۔
جبکہ جے یو آئی ف کے ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ حافظ حمد اللہ دھماکے کے نتیجے میں معمولی زخمی ہوئے ، کوئی تشویش کی بات نہیں ۔
حافظ حمداللہ کے ساتھ ان کے دو ساتھی بھی زخمی ہوئے ہیں ۔واضح رہے کہ سینیٹر حافظ حمداللہ منگیچر میں جمعیت علمائے اسلام کے جلسے میں شرکت کے لئے جارہے تھے کہ راستے میں دھماکا ہوا۔
سینیٹر غفور حیدری نے دھماکے کے بعد جلسہ ملتوی کر دیا۔
دوسری جانب جے یو آئی ایف کے رہنماؤں ہنگامی پریس کانفرنس کیا۔
انہوں نے کہا کہ مستونگ میں جے یو آئی کے قافلے پر بم حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ مستونگ واقعے کیخلاف جمعہ کو جمعیت کے تحت بلوچستان بھر میں شٹر ڈاﺅن ہوگا۔
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اصغر خان اچکزئی نے جمعیت علماءاسلام کی جمعہ کو شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا۔