کوئٹہ:
بلوچستان بار کونسل وائس چیئرمین قاسم علی گاجزئی چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی ایوب ترین چیئرمین بین الصوبائی راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ چیئرمین ہیومن رائٹس امان اللہ کاکڑ نے اپنے ایک بیان میں لاہور میں بلوچستان کے زیر تعلیم طلباء پر لاہور انتظامیہ کی جانب سے تشدد اور انہیں زدکوب کرنے اور انہیں ہاسٹلوں سے بے دخل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی-
ان کا کہنا تھا کہ لاہور انتظامیہ نے بلوچستان کے زیرتعلیم بلوچ و پشتون طلباء کی زندگی اجیرن بنا دی ہے- بلوچستان کے طلباء پر آئے روز تشدد اور انہیں تعلیمی اداروں سے دور رکھنے کی سازش کی جا رہی ہے- بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عرصہ دراز سے بلوچستان کے طلباء پنجاب کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے- انتظامیہ ایک دہشت گرد تنظیم کی سرپرستی کررہا ہے اور کبھی خود جاکر ہاسٹل میں رہائش پذیر طلباء کو گرفتار کرکے ان پر تشدد کرتا ہے-
بلوچستان بار کونسل کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ گذشتہ دنوں لاہور میں مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء کو گرفتار کرکے ان پر تشدد کیا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے- انہوں نے وزیراعلی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ لاہور اور پنجاب کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور بلوچستان کے طلباء پر پولیس کی تشدد کا فوری نوٹس لیں۔