بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی بارکھان زون کا جنرل باڈی اجلاس زیرِ صدارت زونل وائس پریزیڈنٹ سلطان بلوچ منعقد ہوا جس میں سنٹرل کمیٹی کے ممبر اظہر بلوچ بطورِ مہمان خاص اور رفیق بلوچ نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی.
اجلاس میں تعارفی نشست، مرکزی سرکولر، سابقہ رپورٹ ،تنقیدی نشست ،تنظیمی امور، عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں مختلف فیصلے لیے گئے اور نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں خیربخش بلوچ زونل صدر اور عثمان بلوچ زونل جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں.
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سنٹرل کمیٹی کے رکن اظہر بلوچ نے کہا کہ تنظیم مختلف افراد کے مجموعے سے بنتا ہے. تنظیم کی محکمی اور مضبوطی تمام ارکان کے مشترکہ جدوجہد پر انحصار کرتا ہے. جب کسی تنظیم کے ارکان اپنے ذمہ داریوں کا ادارک کرتے ہیں تو تنظیمی پروگرام بھی مستحکم ہوجاتے ہیں. آج بلوچ طلباء سیاست میں مختلف ٹرینڈز وجود لے رہے ہیں جن کی وجہ سے نوجوان نسل میں غیرسیاسی اور ذاتی مفادات جیسے رویے پنپ رہے ہیں اور ان تمام رجحانات کو ہمیں اپنے شعوری و فکری پروگرامز کے ذریعے ختم کرنا ہوگا جبکہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ہمیں تنظیم کو مستحکم کرنا ہوگا. بارکھان جیسے علاقوں میں جہاں شعوری سیاست ایک نئی رنگ لے چکی ہے تو ہمارے لیے یہ امر ضروری بن جاتا ہے کہ بارکھان کے تعلیمی اداروں میں سیاسی سرگرمیوں کے فروغ کےلیے جدوجہد کریں.
انھوں نے کہا کہ سیاسی کارکنان کےلیے ضروری ہے کہ وہ سیاسی لٹریچر کے ساتھ اپنی وابستگی مضبوط کرے اور زیادہ سے زیادہ کتابوں کا مطالعہ کرے. سیاسی ماحول کو پروان چڑھانے کےلیے ڈسکشن کلچر کو طلباء کے درمیان لے کر آنا ضروری ہے تاکہ تمام طلباء سوال کرنا سیکھ سکیں. تنظیم کے تمام ممبران پر یکساں ذمہ داریاں بنتی ہیں کہ وہ سیاسی و شعوری ماحول کو پروان چڑھانے اور تنظیم کے پروگرام کو آگے لے جانے کے لیے اپنی بھرپور توانائیوں کے ساتھ جدوجہد کریں.
سنٹرل کمیٹی کے رکن رفیق بلوچ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان بھر میں تعلیم زبوں حالی کا شکار ہے. جہاں ایک جانب پرائمری سے لے کر ہائیر ایجوکیشن تک تعلیمی نظام مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے تو دوسری جانب بلوچ قوم کو دانستہ طور پر تعلیم سے دور رکھا جارہا ہے. بطور بلوچ طالبعلم یہ ہمارے اوپر فرض بن جاتی ہے کہ ہم منظم ہو کر اپنے قوم اورمعاشرے کےلیے جدوجہد کریں. جب تک بلوچ طلباء ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر ایک فکر کے تحت جدوجہد نہیں کریں گے تب تک ہمیں یوں ہی تعلیم جیسے بنیادی ضروریات سے دور رکھا جائے گا اور ہمارے آنے والے نسلیں ان اندھیروں کا شکار ہوں گے. اس لئے یہ تمام بلوچ طلباء کی ذمہ داری ہے کہ وہ متحد ہوکر ایک پلیٹ فارم سے شعوری جدوجہد کریں.
اجلاس کے آخری ایجنڈے آئندہ لائحہ عمل میں تنظیمی پروگرام کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف فیصلے لیے گئے جبکہ نئی کابینہ بھی تشکیل دی گئی جس میں خیربخش بلوچ زونل صدر، کاشف بلوچ زونل نائب صدر، عثمان بلوچ زونل جنرل سیکرٹری ، منظور بلوچ زونل ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور سلطان بلوچ بطورِ زونل انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئے. مرکزی کمیٹی کے رکن اظہر بلوچ نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا اور کابینہ کے اراکین نے تنظیمی پروگرام کو تسلسل کے ساتھ آگے لے جانے کا اعادہ کیا ہے.
- CAP to hold a side event on Balochistan at the United Nations - March 14, 2023
- ولی کاکڑ! تمہیں ضرور یاد ہوگا، گورنر تعینات ہونے پر ولی کاکڑ کو بلوچ رہنماء جاوید مینگل کا پیغام - March 6, 2023
- زمینداروں نے بجلی کی بندش کیخلاف بلوچستان میں شاہراہیں بند کردیں، لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ - March 2, 2023