گزشتہ شب تمپ کے رہائشی علاقے پنجوئے ڈن سے نامعلوم افراد کی جانب سے فرنٹیئر کور پر مارٹر گولا فائر کیا گیا جس کے ردعمل میں ایف سی کی جانب سے فائر کیا گیا مارٹر گولہ ایک گھر پر جا گرا- جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے جن میں حسنہ زوجہ بالاچ اور ایک ہی خاندان کے 3 افراد موسیٰ ولد جاسم، حفیظہ زوجہ موسیٰ اور انکی بیٹی مائیکان موسیٰ شامل ہیں- علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ موسیٰ اور بچی مائیکان کی حالت تشویشناک ہے جنھیں علاج کے غرض سے ایف سی نے تربت منتقل کر دیا ہے-
اطلاعات کے مطابق تمپ قلات پر قائم ایف سی پوسٹ کی جانب سے مسلح افراد کی جانب سے حملے کے ردعمل میں 2 مارٹر گولے فائر کیے گیے اور دونوں گولے گھروں پر آ گرے جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے-
یاد رہے کہ کچھ سال قبل 10 ستمبر 2014 کو ایسی ہی صورتحال میں مسلح افراد کی فائرنگ کے ردعمل میں ایف سی کی جانب سے فائر کیا گیا مارٹر گولہ پنجوئے ڈن کے علاقے میں ایک گھر پر جا گرا جس سے ایک ہی گھر کے دو افراد شاہ مراد اور انکی نواسی شہناز بنت کریم بخش جان بحق ہوگئے-
تمپ واقعہ کے خلاف کل بروز ہفتہ کیچ سول سوسائٹی نے تربت میں ایک احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے-