مختلف مقامات پر ایک ہی وقت باغات میں آتشزدگی، ناصرآباد اور جوسک میں آگ لگنے سے کھیتوں کو نقصان پہنچا، میونسپل کارپوریشن تربت کے پاس آگ بجھانے کی مشینری اور اسٹاف کی شدید کمی سے بروقت پہنچنا مشکل۔
گزشتہ شب ناصرآباد اور جوسک میں بیک وقت کھیتوں میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہوئے جس سے کھیتوں کو نقصان پہنچا۔میونسپل کارپوریشن تربت کی واحد فائر بریگیڈ ٹیم کے لیے دونوں مقامات پر پہنچ کر آگ بجھانا بڑا چیلنج بنا۔ ناصرآباد میونسپل کارپوریشن تربت ایریا میں بھی شامل نہیں ہے۔
تاہم آگ بجھانے کے لیے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت کہدہ عبدالستار دشتی نے فائر بریگیڈ ٹیم وہاں بھیجنے کی ہدایت کی لیکن ٹیم کی ناصرآباد پہنچنے تک کھیت کو کافی نقصان پہنچ چکا تھا۔
تاہم میونسپل کارپوریشن تربت کی فائر بریگیڈ ٹیم نے محدود وسائل کے باوجود دونوں مقامات پر جاکر آگ بجھادی۔عوامی اور سماجی حلقوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کارپوریشن تربت کو آگ بجھانے کے لیے مذید آلات، مشینری اور تربیت یافتہ عملہ فراہم کی جائے کیونکہ اس وقت کارپوریشن کے پاس وسائل ناکافی ہیں جبکہ ان کے پاس فائر مین یا آگ بجھانے کے لیے تربیت یافتہ عملہ بھی موجود نہیں ہے جس سے کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔