بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں لسبیلہ، خضدار، جھل مگسی سمیت دیگر علاقوں میں سیلابی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت امرجنسی نافذ کرکے سیلاب زدگان کی ریسکو اور مالی امداد کیلئے ہنگامی ریلیف کا اعلان کرے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ بلوچستان بھر میں سیلاب کی وجہ سے قیامت برپا ہے، سینکڑوں لوگوں کی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ لاکھوں لوگ شدید کسمپرسی کی حالت میں کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں۔ سیلابی ریلوں کی وجہ سے بلوچستان کا دوسرے صوبوں سے رابطہ منقطع ہے جس سے مارکیٹ میں اشیائے خورد و نوش ختم ہوجانے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیلابی صورتحال پر قابو پانے کیلئے حکومتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ لوگ اپنی مدت آپ کے تحت ایک دوسرے کا سہارا بن رہے ہیں لیکن پی ڈی ایم اے اور دوسرے حکومتی ادارے مکمل غیرفعال ہیں۔ ترجمان بی ایس او نے ملکی اور غیرملکی خیراتی اداروں اور مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب زدگان کی مدت کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔