کوئٹہ —
بلوچستان کے ضلع خضدار میں زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے میں 18 افراد ہلاک جب کہ 41 زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ حادثہ جمعے کی صبح چار بجے خضدار سے تقریباً 40 کلو میٹر کے فاصلے پر کھوڑی کے علاقے میں پیش آیا۔ مسافر بس میں زائرین خضدار سے سندھ کے شہر دادو واپس جا رہے تھے۔
خضدار لیویز ذرائع نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ زائرین صوفی بزرگ پیر عبد القادر کے مزار پر عرس میں شرکت کے لیے آئے تھے۔
لیویز کے مطابق صبح جب زائرین کا قافلہ واپس دادو کے لیے روانہ ہوا تو کھوڑی کے مقام پر مسافر بس کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 15 افراد موقعے پر ہی ہلاک ہوئے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے 44 افراد کو سول اسپتال خضدار منتقل کیا گیا۔
بعد ازاں سول اسپتال خضدار میں مزید تین افراد زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ جب کہ زخمیوں میں سے 10 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ جنہیں کراچی منتقل کیا گیا ہے۔ ادھر شدید زخمی ہونے والے چھ زائرین کو خضدار سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ کے سی ایم ایچ اسپتال بھی منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا اورمسافر بس کی چھت پر بیٹھے تمام زائرین موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے۔
ریسکیو 1122 سینٹرز کے حکام کے مطابق 2020 میں بلوچستان میں آٹھ ہزار ٹریفک حادثات ہوئے ہیں جن میں 178 افراد ہلاک جب کہ 10 ہزار کے قریب زخمی ہوئے۔
یہ اعداد و شمار بلوچستان میں چار ہزار کلو میٹر شاہراہوں میں سے صرف 1500 کلو میٹر علاقے میں پیش آنے والے حادثات کے ہیں۔
Courtesy: VOA URDU
- CAP to hold a side event on Balochistan at the United Nations - March 14, 2023
- ولی کاکڑ! تمہیں ضرور یاد ہوگا، گورنر تعینات ہونے پر ولی کاکڑ کو بلوچ رہنماء جاوید مینگل کا پیغام - March 6, 2023
- زمینداروں نے بجلی کی بندش کیخلاف بلوچستان میں شاہراہیں بند کردیں، لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ - March 2, 2023