بلوچستان حکومت کا آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لئے نئی حکمت عملی پر غور، آئندہ سال طویل کے بجائے کم دورانیے کے ایسے منصوبوں پر کام کیا جائے گا جن سے صوبے کے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے۔
حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ بلوچستان حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لئے حکمت عملی پر غور کیا ہے آئندہ سال کے پی ایس ڈی پی میں کم دورانیے کے ایسے منصوبوں پر توجہ دی جائے گی جن سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
ذرائع نے این این ائی کو بتایا کہ آئندہ بجٹ میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ، صحت، تعلیم سمیت دیگر شعبوں کی موجود عمارتوں کی فعالی ، لنک روڈز سمیت دیگر منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کی پی ایس ڈی پی میں آن گوئنگ کی مد میں 3ہزار سے زائد طویل دورانیے کے منصوبے پہلے سے ہی چل رہے ہیں جبکہ بجٹ کا بڑا حصہ ان منصوبوں پر خرچ ہوتا ہے جس کے بعد حکومت نے اس بار نئی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ بجٹ میں افرادی قوت کو بڑھانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔