پاکستان میں ایوان بالا یعنی سینیٹ کی 37 نشستوں کو پرکرنے کے لیے پولنگ جاری ہے۔ لیکن پولنگ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل ووٹ کی مبینہ خریداری کے حوالے سے ایک ویڈیو کے منظر عام پر آنے سے تہلکہ مچ گیا ہے۔
سینیٹ الیکشن سے چند گھنٹے قبل ووٹ کی خریداری کے حوالے سے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ایک مبینہ ویڈیو سامنے آئی ہے جس کی وجہ سے سیاسی حلقوں میں ہنگامہ برپا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے۔
سینیٹ کی 37 نشستوں کے لیے صبح نو بجے پولنگ شروع ہوئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹر اپنی ترجیحات کے مطابق امیدواروں کو ووٹ دے رہے ہیں۔ بیلٹ پیپر پر امیدواروں کے سامنے خانے میں عددی ترجیحات 1، 2، 3 لکھے ہوئے ہیں۔ جنرل نشست کا بیلٹ پیپر سفید، خواتین کی نشست کا گلابی، ٹیکنو کریٹ کا سبز اور غیر مسلم نشست کے لیے بیلٹ پیپر زرد رنگ کا ہے۔
اس سینیٹ انتخابات میں وفاقی دارالحکومت اور تینوں صوبوں سے مجموعی طورپر 78 امیدوار میدان میں ہیں۔ جن میں سے چودہ پاکستان تحریک انصاف، تیرہ پاکستان پیپلز پارٹی، دو پاکستان مسلم لیگ نون، دو متحدہ قومی موومنٹ، گیارہ بلوچستان عوامی پارٹی اور ایک تحریک لبیک پاکستان کا امید وار ہے۔ تین آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
ایوان بالا کے انتخابات میں عوام کے نمائندے اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہیں۔ اس سال کے اوائل میں ایوان بالا کے انتخابات کے لیے وزیراعظم عمران خان نے انتخابات خفیہ رائے دہی کے ذریعے نہ کرانے کی درخواست کی تھی، جو پاکستان کی سپریم کورٹ نے مسترد کردی۔
Courtesy: DW