اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ پاکستان کے دارالحکومت میں سکیورٹی چیکنگ چل رہی تھی کہ اسی دوران آئی ٹین فور میں پولیس اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو تلاشی کے لیے روکا تو گاڑی زور دار دھماکے سے تباہ ہوگئی۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خودکش تھا، دھماکے میں گاڑی کا ڈرائیور بھی ہلاک ہوا جبکہ 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، دھماکے میں دو شہری بھی زخمی ہوئے، تمام زخمیوں کو فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔
بعد ازاں پولیس حکام نے دھماکے میں ایک پولیس اہلکار کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین ہلاک ہوئے۔
پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ خودکش جیکٹ میں تقریباً 12 سے 15کلو بارودی مواد موجود تھا، گاڑی میں بارودی مواد موجود نہیں تھا، جائے وقوعہ سے ایک موبائل فون بھی ملا ہے جسے قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں اگلے 48 گھنٹے کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔