وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے نتائج پر الیکشن کمیشن آف پاکستان پر کھلی تنقید کے بعد آج کمیشن کا جواب سامنے آیا ہے۔
کمیشن نے وزیر اعظم کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ حیران کن بات ہے کہ ایک ہی چھت کے نیچے، ایک ہی عملے کے ماتحت، جو انہوں نے جیتا وہ قابل قبول اور جو ہارا وہ نہ منظور۔ کیا یہ کھلا تضاد نہیں ہے؟‘
یہ بیان کمیشن کے اجلاس کے بعد آج جاری کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہر سیاسی جماعت اور رہنما میں شکست تسلیم کرنے کی جرات ہونی چاہیے اور یہ کہ اگر کسی کو نتائج کے ساتھ اتفاق نہیں، تو وہ ثبوت کے ساتھ آگے آئے۔