کوئٹہ: بلوچستان سے سینیٹ انتخابات کے لیے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے 54 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن آف پاکستان کوئٹہ دفتر سے وصول کر لیے ہیں. بدھ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایک عہدیدار نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کو بتایا کہ مارچ میں ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لیے پاکستان تحریک انصاف،بلوچستان نیشنل پارٹی ،بلوچستان عوامی پارٹی ، جمعیت علمائے اسلام ، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی اور آزاد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کر لیے ہیں۔
واضح رہے کہ سینیٹ کی خالی ہونے والے 48 نشستوں پر ملک بھر میں انتخابات مارچ میں ہو رہے ہیں جس میں سے بلوچستان کی سینیٹ کے لیے 12 نشستوں پر پولنگ ہوگی، جس میں 7جنرل، 2ٹیکنوکریٹ / علماء کرام ، اقلیت کی 1 اور خواتین کی 2نشستیں شامل ہیں، الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کاغذات نامزدگی لے سکتے ہیں. جبکہ سینیٹ الیکشن کا شیڈول 11فروری 2021 کو جاری کر دیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان سے سینٹ کی جنرل نشستوں کے لئے 27امیدواروں اقلیت کی نشست کے لئے 5امیدواروں خواتین کی نشستوںکے لئے 10 امیدواروں اور ٹیکنوکریٹ / علماء کرام کی نشستوں کے لئے 12امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کئے ہیں۔
Source: Daily Azadi Quetta